آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق انگلینڈ کی 18 سالہ بائیں ہاتھ کی اسپنر ٹلی کورٹین کولمین کے لیے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت ایک اور بڑا سنگِ میل ثابت ہوئی ہے
انگلینڈ کی اسپنر ٹی20 ورلڈ کپ میں شمولیت ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہوگا،ترجمان
لاہور۔5جون (اے پی پی):آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق انگلینڈ کی 18 سالہ بائیں ہاتھ کی اسپنر ٹلی کورٹین کولمین کے لیے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت ایک اور بڑا سنگِ میل ثابت ہوئی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انہیں اس خوشخبری سے آگاہ کرنے والی انگلینڈ ویمن ٹیم کی ہیڈ کوچ شارلٹ ایڈورڈز تھیں، جو ان کے کرکٹ سفر کے آغاز سے ہی ان کی رہنمائی کرتی آ رہی ہیں۔
ٹلی نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ صرف11 سال کی تھیں تو شارلٹ ایڈورڈز نے انہیں کینٹ انڈر11 ٹیم کی کیپ دی تھی۔ بعد ازاں مختلف مواقع پر دونوں کا رابطہ برقرار رہا، اور پھر سدرن بریو میں شمولیت کی خبر بھی انہیں ایڈورڈز ہی نے دی۔ ٹلی کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں انہیں اپنی کرکٹ زندگی کی کئی اہم خوشخبریاں شارلٹ ایڈورڈز سے ملیں، جن میں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت سب سے بڑی خبر تھی۔ ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے کے وقت ٹلی نے ابھی تک بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا تھا، تاہم انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے پہلے ہی میچ میں 2 وکٹیں حاصل کیں اور ناقابلِ شکست دو رنز بنا کر انگلینڈ کو ایک وکٹ سے سنسنی خیز فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹلی2025 کے آئی سی سی ویمنز انڈر19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کا حصہ رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کی سینئر ٹیم کی نان ٹریولنگ ریزرو بھی تھیں۔گھریلو کرکٹ میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جہاں ایک میچ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دی ہنڈرڈ میں ان کی پہلی وکٹ آسٹریلیا کی عظیم بلے باز میگ لیننگ تھیں۔شارلٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ایک ایسی کھلاڑی کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کی خبر دینا، جسے انہوں نے11 سال کی عمر میں پہلی بار دیکھا تھا، ایک نہایت خاص لمحہ تھا۔ ان کے مطابق ٹلی نے گزشتہ دو برسوں میں غیرمعمولی ترقی کی ہے اور وہ انگلینڈ کی ٹیم کے لیے مستقبل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔









