لاس اینجلس2028 اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی تیاریوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں منتظمین اب منصوبہ بندی کے مرحلے سے عملی تیاریوں کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
لاس اینجلس اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی تیاریوں میں اہم پیش رفت

مزید خبریں
لاہور۔5جون (اے پی پی):لاس اینجلس2028 اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی تیاریوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں منتظمین اب منصوبہ بندی کے مرحلے سے عملی تیاریوں کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے کوآرڈینیشن کمیشن کے حالیہ اجلاس میں ٹکٹوں کی فروخت، رضاکارانہ پروگرام، ثقافتی سرگرمیوں اور کمیونٹی شمولیت سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں چار ملین سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جو اولمپک کھیلوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں۔
لاس اینجلس اور اوکلاہوما سٹی کے مقامی خریداروں کے لیے فروخت ہونے والے95 فیصد ٹکٹوں کی قیمت 100 امریکی ڈالر یا اس سے کم رکھی گئی، جبکہ پانچ لاکھ ٹکٹ صرف28 ڈالر میں دستیاب تھے۔ اب تک85 ممالک، امریکا کی تمام 50 ریاستوں اور تمام امریکی علاقوں سے شائقین ٹکٹ خرید چکے ہیں۔ رضاکارانہ پروگرام کے لیے بھی بھرپور دلچسپی دیکھی گئی ہے، جہاں تقریبا تین لاکھ افراد نے رجسٹریشن کروا کر کھیلوں کے دوران یا کمیونٹی سطح پر خدمات انجام دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کھیلوں کے دوران رضاکارانہ خدمات کے لیے باضابطہ رجسٹریشن 14 جولائی سے شروع ہوگی۔لاس اینجلس2028 کی ثقافتی اولمپیاڈ کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جس کے تحت فیشن، فلم، خوراک، موسیقی، پرفارمنگ آرٹس اور بصری فنون کے ذریعے شہر کی ثقافتی تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ اس پروگرام سے مقامی فنکاروں اور ثقافتی اداروں کو بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق لڑکیوں کی شرکت کی شرح47 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کے لیے کھیلوں میں شمولیت میں بھی 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاس اینجلس اولمپک کھیل14 سے30 جولائی2028 تک منعقد ہوں گے، جبکہ پیرا اولمپک کھیلوں کا انعقاد 15 سے27 اگست 2028 کے درمیان ہوگا۔








