اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اورملک کےمختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 62 لاکھ سے زائد مالیت کی 46.03 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 2خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا
اے این ایف کی کارروائیاں، 46.03 کلوگرام منشیات برآمد ، 2خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اورملک کےمختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 62 لاکھ سے زائد مالیت کی 46.03 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 2خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ہفتہ کوترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب 2 خواتین اور مرد کے قبضے سے 14.4کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔راولپنڈی میں بس ٹرمینل کے قریب 2ملزمان کے قبضے سے 3.6کلوگرام چرس جبکہ اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے1.2کلوگرام چرس برآمد کرلی۔سیالکوٹ میں سکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 9.6کلو چرس، 4کلو آئس،4.2کلو افیون،300گرام ہیروئن اور 84گرام وزنی 150 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی اورگرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالے مسافر کے بیگ سے 1.050کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 4کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پبی ڈسٹرکٹ نوشہرہ کے قریب رکشہ سے 3.6کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔








