پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اعلان کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ پرو لیگ کے مقابلوں میں شرکت کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں
قومی ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ، قومی سکواڈ جلد بیلجیئم اور برطانیہ روانہ ہوگا
لاہور۔6جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اعلان کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ پرو لیگ کے مقابلوں میں شرکت کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور قومی سکواڈ آئندہ چند روز میں بیلجیئم اور برطانیہ کے اہم دورے پر روانہ ہو جائے گا۔پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق قومی ٹیم کا انتخاب پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی،قومی سلیکٹرز اور کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت کیا گیا۔ کھلاڑیوں کے انتخاب میں فٹنس،حالیہ فارم،تکنیکی مہارت،حکمت عملی،ڈسپلن اور تربیتی کیمپ میں مجموعی کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا۔فیڈریشن کے مطابق بین الاقوامی سطح کے سخت مقابلوں کی تیاری کے لیے کھلاڑیوں کو جامع ٹریننگ پروگرام سے گزارا گیا جبکہ کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کی فٹنس،عزم اور پیشہ ورانہ رویے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ہاکی کے ماہرین اور سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی تربیتی کیمپ کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے سکواڈ کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کیمپ اور غیر ملکی دورے کے دوران کھلاڑیوں کی رہائش، متوازن غذا، طبی سہولیات، جدید ٹریننگ وسائل اور سفری انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔بیلجیئم اور برطانیہ میں بھی قومی ٹیم کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑی مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی کارکردگی پر توجہ دے سکیں۔فیڈریشن کے مطابق رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور انتظامی امور کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور اس حوالے سے بعض رپورٹس حقائق کے منافی ہیں۔فیڈریشن نے بتایا کہ پیشہ ورانہ اصولوں اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کے ساتھ صرف منظور شدہ تکنیکی آفیشلز ہی دورے پر جائیں گے اور کسی غیر متعلقہ فرد یا اضافی سٹاف ممبر کو وفد کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اہم مقابلوں میں پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔









