تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی ایشیئن بیلنس بائیک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے دو کم عمر سائیکلسٹ نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا
تھائی لینڈ، ایشیئن بیلنس بائیک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی کم عمر سائیکلسٹ کا مظاہرہ
لاہور۔6جون (اے پی پی):تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی ایشیئن بیلنس بائیک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے دو کم عمر سائیکلسٹ نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔دو اور چار سال کی عمر کے نوجوان رائیڈرز نے ایشیا بھر سے آنے والے حریفوں کے درمیان بھرپور مقابلہ کیا اور پاکستان کا پرچم بلند رکھا۔بوائز2 سال کی کیٹیگری میں محمد حسن نے 10ویں جبکہ بوائز4 سال کی کیٹیگری میں احمد حسن نے 12ویں پوزیشن حاصل کی۔ ان نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ اور نئی نسل میں اس کھیل کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ایشیئن بیلنس بائیک سائیکلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد گزشتہ کئی سال سے قومی سطح پر کیا جا رہا ہے،تاہم رواں سال پہلی مرتبہ اس کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے ایشیا کے مختلف ممالک کے شرکا کو شامل کیا گیا،جس کے باعث یہ ایونٹ نوجوان سائیکلسٹ کیلئے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم بن گیا ہے۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے دونوں سائیکلسٹ کے والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کا موقع فراہم کرکے قابلِ ستائش سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا ہے۔دونوں کھلاڑیوں کے والدین پورے ایونٹ کے دوران ان کے ہمراہ موجود رہے اور ہر مرحلے پر ان کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرتے رہے۔پاکستانی دستے کی نگرانی اور انتظامی امور کی ذمہ داری ہارون جنرل انجام دے رہے ہیں،جو تھائی لینڈ میں ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔نوجوان سائیکلسٹ کی یہ شرکت اور کارکردگی پاکستان میں سائیکلنگ کے روشن مستقبل کی نشاندہی کرتی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کا ابھرتا ہوا ٹیلنٹ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔









