پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 10 جولائی سے پی ایس بی کوچنگ سنٹر، لاہور میں شروع ہو گی۔
نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ جولائی میں کھیلی جائے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 10 جولائی سے پی ایس بی کوچنگ سنٹر، لاہور میں شروع ہو گی۔ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے رکن کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین برگیڈئیر زاہد اقبال (ر) نے نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد کروانے کی منظوری دے دی ہے اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے صوبائی، ریجنل اور ڈیپارٹمنٹس کے مرد اور خواتین کھلاڑی مختلف ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہایئر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا،بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد شامل ہیں۔چیمپئن شپ 15 جولائی تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور منتخب ٹیم کے کھلاڑی جاپان میں کھیلی جانے والی 20 ویں ایشین گیمز میں شرکت کریں گے۔








