جاپان، انڈر18 ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان نے ملائشیا کو3-0 سے شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کر لیا

جاپان میں جاری انڈر18 ایشیا کپ ہاکی2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائشیا کو3-0 سے شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کر لیا

لاہور۔6جون (اے پی پی):جاپان میں جاری انڈر18 ایشیا کپ ہاکی2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائشیا کو3-0 سے شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے ٹورنامنٹ کا انعقاد29 مئی تا6 جون تک جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کیا گیا۔پی ایچ ایف کے ترجمان وقاص شیخ کے مطابق تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آغاز ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔قومی ٹیم کی جانب سے پہلا گول عزیر احمد نے میچ کے ابتدائی لمحات میں پینلٹی کارنر پر کیا۔دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو پینلٹی سٹروک ملا، جس پر آسام حیدر نے23 ویں منٹ میں کامیابی کے ساتھ گیند جال میں پہنچا کر برتری دگنی کر دی۔میچ کے آخری لمحات میں عدیل نے ایک اور خوبصورت گول سکور کرکے پاکستان کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ملائشیا کی ٹیم پورے میچ کے دوران پاکستانی دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی اور مقررہ وقت تک کوئی گول سکور نہ کر سکی،یوں پاکستان نے0-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں تیسری پوزیشن اور برونز میڈل جیت لیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی انڈر18 ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور ٹیم انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے اور امید ہے کہ یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان ہاکی کیلئے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔قومی انڈر18 ہاکی ٹیم کو ایونٹ میں الاسکا بیٹری اور پی ٹی سی ایل کا تعاون حاصل رہا، جنہوں نے نوجوان قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔