نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ2025-26 کا فائنل اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،جہاں کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن اے بی ایس ڈویلپرز کی ٹیمیں ٹائٹل کیلئے مد مقابل ہونگی
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا
لاہور۔6جون (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ2025-26 کا فائنل اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،جہاں کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن اے بی ایس ڈویلپرز کی ٹیمیں ٹائٹل کیلئے مد مقابل ہونگی۔میچ رات آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔کراچی وائٹس کی قیادت سعود شکیل کریں گے جبکہ ایبٹ آباد کی کپتانی شاداب خان کے سپرد ہوگی۔کراچی وائٹس کے اسکواڈ میں ابرار احمد،عبداللہ فضل، دانش عزیز، خواجہ محمد نافع اور شان مسعود جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ایبٹ آباد کی جانب سے معاذ صداقت، شاہزیب خان، کامران غلام، خوشدل شاہ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو50 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ کو25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔فائنل میچ پی سی بی لائیو ایپ پر براہِ راست نشر کیا جائے گا جبکہ شائقین کرکٹ اسے پی ٹی وی اسپورٹس، اے اسپورٹس، فاسٹ اسپورٹس اور جیو سپر پر بھی دیکھ سکیں گے۔بیرونِ ملک ناظرین کیلئے پی سی بی کے یوٹیوب چینل جبکہ پاکستان میں ٹیپ میڈ پر بھی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔کراچی وائٹس کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج رکھتی ہے اور وہ ٹائٹل جیتنے کیلئے پر امید ہیں۔دوسری جانب ایبٹ آباد کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ٹرافی اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے دو میچ لاہور میں کھیلنے کے باعث انہیں مقامی کنڈیشنز کا تجربہ حاصل ہے،جسے وہ اپنی ٹیم کے ساتھ شیئر کریں گے۔









