پاکستانی شائقین ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026 کے تمام میچز پی ٹی وی اور جیو سپر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے جبکہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ مائیکو،تماشا اور ٹیپ میڈ پر دستیاب ہوگی۔
پاکستانی شائقین ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام میچز پی ٹی وی اور جیو سپر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے

مزید خبریں
لاہور۔6جون (اے پی پی):پاکستانی شائقین ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026 کے تمام میچز پی ٹی وی اور جیو سپر پر براہِ راست دیکھ سکیں گے جبکہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ مائیکو،تماشا اور ٹیپ میڈ پر دستیاب ہوگی۔
آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے میچز کیلئے خصوصی اردو کمنٹری فیڈ بھی تیار کی جائے گی،جو پی ٹی وی ہوم اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026 کیلئے اپنی تاریخ کی وسیع ترین براڈکاسٹ اور اسٹریمنگ کوریج کا اعلان کر دیا ہے،جس کا مقصد خواتین کے کرکٹ ایونٹ کو دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ شائقین تک پہنچانا ہے۔
ٹورنامنٹ کو پہلی مرتبہ14 مختلف زبانوں میں نشر کیا جائے گا جبکہ متعدد ممالک میں مفت نشریات کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔آئی سی سی کے مطابق مرکزی ٹورنامنٹ کے علاوہ6 سے10 جون تک کھیلے جانے والے تمام12 ٹیموں کے وارم اپ میچز بھی دنیا بھر میں مختلف ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیے جائیں گے۔ان میچز کی اسٹریمنگ آئی سی سی ٹی وی کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر بھی دستیاب ہوگی۔بھارت میں جیو اسٹار،اسٹار اسپورٹس اور جیو ہاٹ اسٹار کے ذریعے ٹورنامنٹ کی کوریج کرے گا۔ تمام میچز انگریزی میں نشر ہوں گے جبکہ بھارت کے میچز،افتتاحی میچ، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ہندی، تامل،تیلگو اور کنڑ کمنٹری بھی دستیاب ہوگی۔مزید برآں بھارت کے میچز میں اشاروں کی زبان کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے تاکہ کوریج کو مزید جامع بنایا جا سکے۔برطانیہ اور آئرلینڈ میں اسکائی اسپورٹس مختلف چینلز اور اپنی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے میچز نشر کرے گا جبکہ میزبان ممالک کے ابتدائی میچز اور فائنل مفت نشریات کیلئے بھی دستیاب ہوں گے۔آسٹریلیا میں پرائم ویڈیو پورے ٹورنامنٹ کی مفت کوریج فراہم کرے گا جبکہ جنوبی افریقہ میں سپر اسپورٹ تمام میچز براہِ راست نشر کرے گا،جہاں جنوبی افریقہ کے میچز کیلئے ژوسا زبان میں کمنٹری بھی دستیاب ہوگی۔امریکا اور کینیڈا میں شائقین تمام میچز مفت میں ولو اسپورٹس پر دیکھ سکیں گے جبکہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے خطے میں یہ ایونٹ اسٹارز پلے کرکٹ ڈبلیو کے ذریعے مفت دستیاب ہوگا۔سری لنکا میں تمام میچز سنگالی زبان میں بھی نشر کیے جائیں گے جبکہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، کیریبین، لاطینی امریکا، نیدرلینڈز اور دیگر کئی خطوں میں مختلف براڈکاسٹرز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے کوریج فراہم کی جائے گی۔آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ جن ممالک میں براڈکاسٹ پارٹنرز موجود نہیں ہوں گے،وہاں تمام میچز آئی سی سی ٹی وی پر مفت دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ بعض میچز کیلئے ہندی،اردو اور ڈچ کمنٹری آپشنز بھی فراہم کئے جائیں گے جبکہ جاپانی، تھائی اور باہاسا انڈونیشیا زبانوں میں منتخب میچز آئی سی سی کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر بھی نشر کیے جائیں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنجوگ گپتا نے کہا کہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ2025 کے بعد خواتین کے کرکٹ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ادارہ اس رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی معیار کی براڈکاسٹ کوریج، جدید پروڈکشن اور متاثر کن کہانیوں کے ذریعے مزید شائقین کو خواتین کے کرکٹ سے جوڑنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زبانوں اور پلیٹ فارمز کی ریکارڈ تعداد کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین کو خواتین کے کرکٹ سے قریب لانے کا موقع ملے گا اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026 یادگار لمحات سے بھرپور ایک شاندار ایونٹ ثابت ہوگا۔








