پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملکی ہاکی کے فروغ اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان انڈر18 ٹیم کی حالیہ بین الاقوامی مہم کا جامع تکنیکی اور شماریاتی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے
پی ایچ ایف کا ہاکی کے فروغ کیلئے تکنیکی اور شماریاتی جائزہ لینے کا فیصلہ
لاہور۔7جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملکی ہاکی کے فروغ اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان انڈر18 ٹیم کی حالیہ بین الاقوامی مہم کا جامع تکنیکی اور شماریاتی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں پی ایچ ایف نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مبنی ایک مفصل تجزیاتی رپورٹ فوری طور پر ایڈہاک کمیٹی کو پیش کریں۔فیڈریشن ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی ہاکی کے ڈھانچے میں سفارش اور ذاتی پسند ناپسند کے کلچر کا خاتمہ کر کے مکمل طور پر ‘ڈیٹا اور ہائی پرفارمنس’ پر مبنی نظام متعارف کرانا ہے۔پی ایچ ایف کا موقف ہے کہ جدید دور کی ہاکی میں مسلسل جانچ اور سائنسی تجزیے کے بغیر بین الاقوامی سطح پر فتوحات ممکن نہیں،اسی لیے کھلاڑیوں کی ترقی، کوچنگ، فٹنس اور حکمت عملی کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ایڈہاک کمیٹی کو پیش کی جانے والی اس رپورٹ میں میچز کے دوران سامنے آنے والے تمام تکنیکی پہلووں کا احاطہ کیا جائے گا۔پنالٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کرنے کی شرح اور حریف ٹیم کے پنالٹی کارنرز کے خلاف دفاعی حکمت عملی ترتیب دینے کے علاوہ میچ کے دوران گول کرنے کے جو مواقع ضائع ہوئے ان کی تکنیکی وجوہات کیا تھیں؟اور کن دفاعی غلطیوں کی وجہ سے ٹیم کو گول ہوئے۔اس کا ایک بڑا مقصد مستقبل کے سینئر دستے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب ہے۔رپورٹ میں انفرادی طور پر ہر کھلاڑی کے فٹنس لیول کا جائزہ لیا جائے گا اور غیر معمولی صلاحیت کے حامل کھلاڑیوں کی نشاندہی کر کے انہیں مستقبل کے طویل المیعاد پروگراموں کا حصہ بنایا جائے گا۔اس ڈیٹا کی روشنی میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ، ٹارگٹڈ کوچنگ اور بین الاقوامی دوروں کا شیڈول تیار کیا جائے گا۔پی ایچ ایف حکام نے انڈر18 ٹیم کے کھلاڑیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو تیاری کے لیے انتہائی کم وقت ملا تھا، اس کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بہترین تجربہ حاصل کیا۔ تاہم فیڈریشن ہر میچ اور ہر ٹورنامنٹ کو ایک سبق کے طور پر دیکھتی ہے تاکہ مستقبل میں ان غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ جائزہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایچ ایف ہر سطح پر کارکردگی کی نگرانی کر رہی ہے۔ ہم ہاکی میں جوابدہی اور احتساب کا کلچر لانا چاہتے ہیں۔ ہمارا واحد ہدف پاکستان کو دوبارہ عالمی ہاکی کی سپر پاور بنانا ہے اور اس کیلئے گراس روٹ سے لیکر ایلیٹ لیول تک اصلاحات کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔









