ورلڈ کپ کی تیاری، سپین کے لامین یامال اور نیکو ولیمز پیرو کے خلاف آخری وارم اپ میچ سے باہر

سپین کے سٹار فٹ بالر لامین یامال، نیکو ولیمز اور وکٹر مونیوز فیفاورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے آخری دوستانہ میچ کے لیے پیرو جانے والے سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے

میڈرڈ۔8جون (اے پی پی):سپین کے سٹار فٹ بالر لامین یامال، نیکو ولیمز اور وکٹر مونیوز فیفاورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے آخری دوستانہ میچ کے لیے پیرو جانے والے سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ای ایس پی این کے مطابق سپین کی ٹیم پیوبلا کے کواؤٹیموک سٹیڈیم میں پیرو کے خلاف اپنا آخری وارم اپ میچ کھیلے گی، جس کے بعد وہ 15 جون کو اٹلانٹا میں کیپ ورڈی کے خلاف گروپ ایچ کے میچ سے اپنے ورلڈ کپ مشن کا آغاز کرے گی۔انجری سے نجات پانے کے عمل سے گزرنے والا یہ تینوں کھلاڑیوں کا گروپ چٹانوگا، ٹینیسی میں سپین کے بیس کیمپ میں ہی قیام کرے گا۔ ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ لامین یامال فیفا ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بارسلونا کے اس ونگر کو شاید صرف چند منٹ کے لئے ہی میدان میں اتارا جائے۔ یاد رہے کہ لامین یامال 22 اپریل کو بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ کی چوٹ کا شکار ہوئے تھے۔ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے کہا کہ سپین کی ٹیم جمعہ کو چٹانوگا پہنچی جہاں لامین یامال اور ولیمز نے ہفتہ کو اوپن ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور مداحوں کو آٹو گراف بھی دئیے۔ ورلڈ کپ میں کیپ ورڈی کے خلاف کھیلنے کے بعد سپین کی ٹیم 21 جون کو اٹلانٹا میں ہی سعودی عرب اور پھر 26 جون کو گواڈلہارا میں یوراگوئے کے مدمقابل آئے گی۔