فیفا ورلڈ کپ 2026ٹیکنالوجی کا عالمی میلہ بن گیا، مصنوعی ذہانت اور سمارٹ فٹ بال ٹیکنالوجی تک جدید نظام متعارف

کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جانے والا فیفا ورلڈ کپ 2026 روایتی فٹ بال کو الوداع کہتے ہوئے تاریخ کا پہلا ڈیجیٹل اور سمارٹ سپورٹس ایونٹ بننے جا رہا ہے۔

ٹورنٹو۔8جون (اے پی پی):کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جانے والا فیفا ورلڈ کپ 2026 روایتی فٹ بال کو الوداع کہتے ہوئے تاریخ کا پہلا ڈیجیٹل اور سمارٹ سپورٹس ایونٹ بننے جا رہا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق میگا ایونٹ میں 16 شہروں میں کھیلے جانے والے 104 میچز میں 48 ٹیموں کی سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، نشریات اور سٹیڈیم مینجمنٹ کے تمام تر آپریشنز کو کنٹرول کرنے کے لیے پہلی بار مصنوعہ ذہانت آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی ) اور جدید ڈیٹا انفراسٹرکچر کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس میگا ایونٹ کی سب سے بڑی خاصیت آڈیڈاس کی تیار کردہ وہ سمارٹ بال ہے جس میں نصب ڈیجیٹل سینسرز ہر سیکنڈ میں سیکڑوں بار ڈیٹا ٹریک کر کے سیمی آٹومیٹڈ آفسائیڈ ٹیکنالوجی اور کیمرہ ٹریکنگ سسٹم کو بھیجیں گے، جس سے ریفریز کو سیکنڈوں میں خودکار الرٹس موصول ہوں گے اور متنازع فیصلوں کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، جبکہ پچ پر موجود ریفریز کے جسم پر لگے باڈی کیمرے ناظرین کو پہلی بار ریفری کے نقطہ نظر سے لائیو میچ دیکھنے کا منفرد موقع فراہم کریں گے۔

میچ کے دوران فیصلوں کی سو فیصد بصری وضاحت کے لیے تمام کھلاڑیوں کے تھری ڈی (3D) سکیننگ پر مبنی ڈیجیٹل ماڈلز (ورچوئل ٹوئنز) تیار کیے گئے ہیں، جبکہ فاکس سپورٹس اور فاکس ون جیسے بڑے براڈکاسٹنگ نیٹ ورکس خودکار ہائی لائٹس، مختلف کیمرہ اینگلز اور پرسنلائزڈ ڈیٹا اوورلے کے ذریعے ناظرین کو گھر بیٹھے ایک بالکل نیا انٹرایکٹو سٹریمنگ تجربہ پیش کریں گے۔ کوچنگ اور ٹیموں کی حکمت عملی کے لیے روایتی اعداد و شمار کی جگہ نیٹ ورک سائنس اور جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی ) ماڈلز کا سہارا لیا جا رہا ہے تاکہ حریف ٹیموں کے پاسنگ نیٹ ورک کو سمجھا جا سکے، جبکہ دوسری جانب ہجوم کو سنبھالنے اور سٹیڈیمز کے گرد ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے پورے انفراسٹرکچر کے ڈیجیٹل ماڈلز بنا کر ہنگامی صورتحال کی پہلے سے سیمولیشن کی گئی ہے، جسے تینوں ممالک میں پھیلے ٹکٹنگ اور ڈیجیٹل نیٹ ورکس کو ہیکرز سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی سخت اور جدید سائبر سکیورٹی ڈھانچے سے جوڑ دیا گیا ہے تاکہ انسانی مہارت اور تاریخ کے سب سے جدید ترین ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے ملاپ سے فٹ بال کی دنیا کا یہ سب سے بڑا شوکیس مکمل طور پر محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ 2026 نہ صرف فٹبال کا سب سے بڑا عالمی مقابلہ ہوگا بلکہ جدید کھیلوں کی ٹیکنالوجی کا ایک منفرد اور تاریخی مظاہرہ بھی ثابت ہوگا۔