فیفا ورلڈ کپ ،برازیل کے ویزلی چوٹ کے باعث باہر، مڈفیلڈر ایڈرسن سکواڈ میں شامل

برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف)نےتصدیق کی ہے کہ اٹلانٹا کے مڈفیلڈر ایڈرسن کو فیفا ورلڈ کپ کے لئے برازیل کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق 26 سالہ ایڈرسن کو فل بیک ویزلی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے

نیو جرسی۔8جون (اے پی پی):برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف)نےتصدیق کی ہے کہ اٹلانٹا کے مڈفیلڈر ایڈرسن کو فیفا ورلڈ کپ کے لئے برازیل کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق 26 سالہ ایڈرسن کو فل بیک ویزلی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ران کے پٹھے کی انجری کے باعث امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے اس میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ روما کے دفاعی کھلاڑی ویزلی ہفتہ کو مصر کے خلاف دوستانہ میچ میں صرف 16 ویں منٹ میں چوٹ لگنے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے، جس میں برازیل نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ویزلی نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انجری کی وجہ سے انہیں فی الحال اپنا خواب ادھورا چھوڑنا پڑ رہا ہے، لیکن وہ اس دھچکے سے ابھر کر مزید مضبوطی کے ساتھ واپسی کریں گے۔ دوسری جانب سکواڈ میں شامل ہونے والے ایڈرسن نے برازیل کے لئے اب تک 3 میچز کھیل رکھے ہیں، اور انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ مارچ 2025 میں ارجنٹائن کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلا تھا جس میں برازیل کو 1-4 سے شکست ہوئی تھی۔ برازیل کی ٹیم رواں ہفتے نیو جرسی میں مراکش کے خلاف میچ سے اپنی فیفا ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی، جبکہ گروپ سی میں اس کے دیگر میچز ہیٹی اور سکاٹ لینڈ کے خلاف ہوں گے۔