سالکوٹ،چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے 150 انسپکٹرز متحرک ہیں ، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت
سالکوٹ،چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے 150 انسپکٹرز متحرک ہیں ، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 12 جون (اے پی پی):انسدادِ چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے حوالے سے دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کی۔ اس ریلی میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو) عباس ذوالقرنین اور ڈائریکٹر لیبر سیالکوٹ نوید سرور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ریلی میں مختلف لیبر یونینز کے عہدیداران، لیبر لیڈرز اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہوئے۔ ریلی کے شرکا نے انسداد چائلڈ لیبر کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ کوئی بھی بچہ زیور تعلیم سے محروم نہ رہے اور اس حوالے سے گزشتہ کچھ عرصہ میں مختلف شہروں میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے 3200 بچوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور ان کو صوبہ بھر میں 74 لیبر ڈیپارٹمنٹ کے سکولوں میں داخل کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ مفت یونیفارم کتابیں اور ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جا رہی ہے اور اس کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے تاکہ کہ محنت مزدوری سے جو رقم وہ کما کر اپنے والدین کے ساتھ معاشی تعاون کرتے تھے اس کا بھی ازالہ کیا جا سکے۔
محمد منشا اللہ بانٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 150 انسپکٹرز بھرتی کئے ہیں جن کا مقصد یہ ہے کہ وہ مختلف جگہوں پہ چھاپے مار کر چائلڈ لیبر کا شکار بچوں کی نشاندہی کریں اور انکو تعلیمی اداروں میں داخل کرائیں اور حکومتی سرپرستی میں ان کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک بچے تعلیم کو چھوڑ کر مزدوری کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے انتہائی جانفشانی سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔



