سٹیڈیم تو صاف کرتے ہیں، گھر بھی سنبھالیں، جاپانی مردوں پر سوشل میڈیا میں دلچسپ تنقید

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران جاپانی شائقین کی جانب سے میچوں کے بعد سٹیڈیم کی صفائی نے ایک بار پھر دنیا بھر میں تعریف سمیٹی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ایک وائرل پوسٹ نے جاپانی مردوں کے گھریلو کردار پر نئی بحث چھیڑ دی ہے

ٹوکیو۔19جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران جاپانی شائقین کی جانب سے میچوں کے بعد سٹیڈیم کی صفائی نے ایک بار پھر دنیا بھر میں تعریف سمیٹی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ایک وائرل پوسٹ نے جاپانی مردوں کے گھریلو کردار پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق فیفا نے حال ہی میں جاپانی شائقین کے "مثالی طرزِ عمل” کو سراہتے ہوئے ایسی تصاویر شیئر کیں جن میں سامورائی بلیو کے حامی میچ کے بعد سٹینڈز سے کچرا اٹھاتے دکھائی دے رہے تھے۔ یہ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئیں اور جاپانی ثقافت کی تعریف کی گئی۔تاہم اسی دوران ایک صارف کی پوسٹ نے غیرمعمولی توجہ حاصل کی، جسے 1.9 ملین سے زائد بار دیکھا گیا۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ جاپانی مرد گھریلو کام کاج میں دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں کم وقت صرف کرتے ہیں اور طنزیہ انداز میں لکھا گیا کہ "صفائی گھر میں بھی کر لیا کریں”۔پوسٹ کے ساتھ ایک خاکہ بھی شیئر کیا گیا جس میں ایک فٹ بال شائق سٹیڈیم میں صفائی کرتے ہوئے تو نظر آتا ہے، لیکن گھر پہنچ کر صوفے پر آرام کر رہا ہوتا ہے جبکہ اس کی اہلیہ یا والدہ برتن دھونے اور کپڑے سنبھالنے میں مصروف ہوتی ہیں۔جاپان کے کابینہ دفتر کے مطابق 2021 کے او ای سی ڈی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین خریداری، گھریلو کام اور نگہداشت جیسے بلا معاوضہ امور میں مردوں کے مقابلے میں 5.5 گنا زیادہ وقت صرف کرتی ہیں۔اس وائرل پوسٹ پر صارفین کی آرا منقسم رہیں۔ بعض افراد نے اسے جاپانی معاشرے میں گھریلو ذمہ داریوں کی غیر مساوی تقسیم کی عکاسی قرار دیا، جبکہ دوسروں کا کہنا تھا کہ تمام جاپانی مردوں کو ایک ہی پیمانے سے نہیں ناپا جا سکتا۔اس بحث نے ورلڈ کپ میں جاپانی شائقین کے قابلِ تعریف رویے کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریوں اور گھریلو کردار کے موضوع کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔

مزید خبریں