وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی انسپکشن کا سرگودھا کی نواحی تحصیلوں شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی کا رات گئے دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے معاون خصوصی انسپکشن شعیب مرزا سرگودھا کی نواحی تحصیلوں شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی کا رات گئے دورہ کیا اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات، صفائی سکیورٹی، لائٹنگ، پینک بٹن سسٹم اور متبادل ٹریفک پلان کاتفصیلی جائزہ لیا

سرگودھا۔ 19 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے معاون خصوصی انسپکشن شعیب مرزا سرگودھا کی نواحی تحصیلوں شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی کا رات گئے دورہ کیا اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات، صفائی سکیورٹی، لائٹنگ، پینک بٹن سسٹم اور متبادل ٹریفک پلان کاتفصیلی جائزہ لیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا ضلع سرگودھا میں انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جمعہ کی شب انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کےہمراہ شاہپور، ساہیوال اورسلانوالی تحصیلوں کا دورہ کیا اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، طبی سہولیات، پینک بٹن سسٹم اور متبادل ٹریفک پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معاونِ خصوصی نے مرکزی امام بارگاہوں، مجالس کےمقامات، ماتمی جلوسوں کے روٹس، کنٹرول پوائنٹس، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سکیورٹی انتظامات، طبی سہولیات اور متبادل ٹریفک پلان کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اورڈی ایس پیزنے عزاداروں کی سہولت، سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ شعیب مرزا نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کیجائےاور مجالس و جلوسوں کے راستوں پر بہترین لائٹنگ، صفائی، ٹھنڈے پانی کی سبیلوں،ریسکیو1122،فیلڈہسپتالوں اور طبی امدادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ معاونِ خصوصی نے امام بارگاہوں میں نصب کیے جانے والے *کیو آر کوڈ پینک بٹن سسٹم* کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عاشورہ محرم الحرام کے ابتدائی دوروز کےدوران منعقد ہونےوالی تمام مجالس اور ماتمی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، امن کمیٹیوں، منتظمین اور عوام کے باہمی تعاون سے ضلع میں مثالی امن و امان کی فضا برقرار ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے باقی ایام میں بھی امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ فرقہ واریت، انتشار اور بدامنی پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شرپسند عناصر اور بیرونی سازشوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے تینوں تحصیلوں میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران، پولیس حکام، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، ایثار، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، تمام ادارے اسی جذبے کے تحت عوامی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں تاکہ عزاداروں کو پرامن، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول میسر آ سکے۔

مزید خبریں