راولپنڈی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔
راولپنڈی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت اور امن و امان کے لئے سرچ آپریشن ، 250 افراد گرفتار

مزید خبریں
راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):راولپنڈی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔ مختلف علاقوں میں سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 250 افراد کو حراست میں لیا گیا ، کرایہ داری قوانین اور دیگر ضابطوں کی خلاف ورزی پر 63 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم و مشتبہ افراد اور کرایہ داری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔کارروائیوں کے دوران 216 غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لے کر ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 34 مالک مکانوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران رہائشی علاقوں، کرایہ کے مکانات، ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے جبکہ ہزاروں افراد کے کوائف کی جانچ اور بائیومیٹرک تصدیق کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ان اقدامات کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنا، مشتبہ سرگرمیوں کی روک تھام اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا ہے۔پولیس کے مطابق کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 63 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی رہائش اور غیر دستاویزی قیام کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔








