راولپنڈی میں منشیات فروشی اور قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری سمیت چار ملزمان گرفتار

راولپنڈی میں منشیات فروشی اور قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری سمیت چار ملزمان گرفتار

راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشی اور قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری سمیت چار ملزمان گرفتار کر لئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق پیرودہائی پولیس نےدو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 کلو 340 گرام چرس برآمد کی، جبکہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1 کلو 240 گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ جاتلی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل کیا تھا اور مئی 2024 سے پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ایس پی صدر انعم شیر کے مطابق گرفتار اشتہاری اس سے قبل راولپنڈی اور چکوال میں ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور دیگر مقدمات میں بھی ملوث اور سزا یافتہ رہ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔