وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت کی زیر صدارت ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ ملک عدیل اقبال کی زیرِ صدارت بدھ کو ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

پشاور۔ 01 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ ملک عدیل اقبال کی زیرِ صدارت بدھ کو ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت سیاحتی علاقوں میں سڑکوں، بالخصوص مانکیال، ایبٹ آباد اور ٹھنڈیانی میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ سیاحت، محکمہ مواصلات و تعمیرات ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، ورلڈ بینک کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیاحتی شاہراہوں کی بروقت تکمیل، کام کے معیار، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی ملک عدیل اقبال نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے منصوبوں کی معیار کے مطابق بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ سیاحتی مقامات تک محفوظ اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کی معیشت کے استحکام میں سیاحت کا شعبہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 دنوں کے بعد مذکورہ منصوبوں سے متعلق دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔