علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سمسٹر خزاں 2026کے لئے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026کے لئے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026 کے لئے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہیں جہاں سے طلبہ آسانی کے ساتھ داخلے کے لئے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔اس سمسٹر کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یونیورسٹی نے پہلی مرتبہ ایف ایس سی پری میڈیکل اور ایف ایس سی پری انجینئرنگ پروگرامز کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے سائنس کے طلبہ کو فاصلاتی نظامِ تعلیم کے تحت معیاری انٹرمیڈیٹ سائنس کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔پیش کئے جانے والے پروگرامز میں میٹرک جنرل، میٹرک درس نظامی، میٹرک سائنس، ایف اے، آئی کام، ڈی ایسوسی ایٹ ڈگری (بی اے، بی کام، بی بی اے)18 مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری(او ڈی ایل) پروگرامز، 7 مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری(فیس ٹو فیس)، بی ایس (او ڈی ایل/فیس ٹو فیس دونوں موڈ)، ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز،ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت سرٹیفکیٹ کورسز شامل ہیں۔ ملک کے دور دراز علاقوں سمیت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی آن لائن نظام کے ذریعے داخلہ لے سکتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ یونیورسٹی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور معیاری تعلیم کو ہر فرد تک پہنچانے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ داخلوں کی آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تمام امیدوار داخلوں سے متعلق مکمل معلومات، پراسپکٹس اور آن لائن داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں جبکہ علاقائی کیمپسز میں بھی طلبہ کی رہنمائی کے لئے سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔