وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سےاسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امدادکے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے نمائندگان بھی موجود تھے
وفاقی وزیر برائےموسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سےاسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امدادکے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے نمائندگان بھی موجود تھے۔بدھ کووزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے آغاز میں وفاقی وزیر نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کے عہدے پرتقرری پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے پاکستان میں اقوام متحدہ کےسابق ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے ان کی خدمات کوسراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ان کے مسلسل تعاون کی بھی تعریف کی۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی امداد سے متعلق خدمات اس ادارے کے سب سے اہم اور موثر کرداروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے قدرتی آفات،انسانی بحرانوں اورموسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزارت موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی ہم آہنگی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ضمن میں موسمیاتی مزاحمت، آفات سے نمٹنے کی تیاری، پائیدار ترقی، اور انسانی امداد سے متعلق شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔دونوں جانب سے آئندہ برسوں میں مشترکہ تعاون کے لئے ترجیحی شعبوں کے تعین اور باہمی اشتراک پر مبنی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے اشتراک سے ایسے اقدامات کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ موسمیاتی اور انسانی ترقی کے اہداف کا بہتر حصول ممکن بنایا جا سکے۔








