سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا صنعت و کاروبار کو کارپوریٹ سٹرکچر اپنانے پر زور

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا صنعت و کاروبار کو کارپوریٹ سٹرکچر اپنانے پر زور

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے کاروباری اور صنعتی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بہتر گورننس، شفافیت، سرمایہ تک آسان رسائی اور کاروباری ترقی کے نئے مواقع حاصل کرنے کے لیے اپنے کاروبار کو کارپوریٹ سٹرکچر میں منتقل کریں۔

پیر کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے مظفر احمد مرزا نے کہا کہ ایس ای سی پی کاروباری آسانی کے فروغ کے لیے ریگولیٹری طریقہ کار کو مسلسل آسان بنا رہا ہے، کمپلائنس تقاضوں میں کمی لا رہا ہے اور ڈیجیٹل سہولیات کو وسعت دے رہا ہے تاکہ کمپنیوں کی رجسٹریشن اور قانونی تقاضوں کی تکمیل مزید آسان ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹائزیشن کے ذریعے کاروباری ادارے بالخصوص خاندانی کاروبار، بہتر ساکھ، مضبوط گورننس، سرمایہ کاری کے مواقع اور باضابطہ مالیاتی ذرائع تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر محمد علی فرید خواجہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور کاروباری برادری اور نوجوانوں کو آگاہی اور ذمہ داری کے ساتھ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کی زیادہ شمولیت مالیاتی منڈیوں کو مضبوط بنانے، دولت کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔دونوں کمشنرز نے شفاف، جدید اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ اور پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی وسیع شمولیت کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔