ضلع قلات کے دینی مدارس کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،منیراحمددرانی

ڈپٹی کمشنر قلات منیراحمددرانی نے کہا ہےکہ ضلع قلات کے دینی مدارس کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے

کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قلات منیراحمددرانی نے کہا ہےکہ ضلع قلات کے دینی مدارس کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، مدارس کے طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے غیرنصابی و دیگر مثبت سرگرمیوں کا جلد انعقاد کیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں جمیعت علمائے اسلام قلات کے نائب امیرحضرت مولانا حافظ حمیداللہ ، مولانا سیف اللہ ، قاری غلام حسین تائب ، مولانا عطائ اللہ توحیدی ، حافظ محمدایوب ، قبائلی رہنماء سردارزادہ میر منی،سرفراز نیچاری اور دیگر سے دوران ملاقات گفتگو میں کیا ۔ ملاقات میں ضلع قلات کے مدارس میں زیرتعلیم طلباء کی تعداد مدارس میں دستیاب سہولیات اور مدارس کو درپیش مسائل کے مناسب حل سمیت دیگر اہم امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

ڈپٹی کمشنر قلات نے کہا کہ دینی مدارس میں زیرتعلیم طلباء کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے مدارس کے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم کی تربیت دینا شرح خواندگی بڑھانے کی کوشش ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقائی مسائل کا فوری اور پائیدارحل ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، مسائل کی نشاندہی اور انکے حل کے لیے سیاسی و سماجی رہنماء، علمائے کرام اور صحافی برادری ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع قلات کوامن وآشتی کاگہوارہ بنانے کی کوششیں کامیاب ہوں۔