ڈی پی او سیالکوٹ کی زیر صدارت اردل روم کا انعقاد

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیر صدارت پولیس لائنز سیالکوٹ میں اردل روم منعقد ہوا جس میں محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی

سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیر صدارت پولیس لائنز سیالکوٹ میں اردل روم منعقد ہوا جس میں محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔پیر کو ترجمان سیالکوٹ پولیس کیمطابق ڈی پی او نے مختلف کیسز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں متعلقہ ملازمین کو سروس ضبطی، سنشور اور دیگر محکمانہ سزائیں سنائیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا مؤثر نظام رائج ہے اور کسی بھی افسر یا اہلکار کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔اردل روم کے اختتام پر ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے فرائض کی انجام دہی میں نمایاں کارکردگی، دیانت داری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔

انہوں نے انعام حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی محکمہ پولیس کی روایت ہے، جس سے دیگر اہلکار بھی مزید جذبے اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ترغیب حاصل کرتے ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ سزا اور جزا کا متوازن نظام ہی کسی بھی ادارے کی بہتری اور نظم و ضبط کی ضمانت ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دیانت دار، محنتی اور عوام دوست پولیس اہلکاروں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ اختیارات کے ناجائز استعمال یا محکمانہ بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔