انسانی، حیوانی ، ماحولیاتی صحت کا باہمی تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر

"زونوسز سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی، صاف ستھرا ماحول، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔”

سیالکوٹ ،06 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات پنجاب نے کہا کہ انسانی، حیوانی ، ماحولیاتی صحت کا باہمی تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے، زونوسز ایسی بیماریاں ہیں جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہیں، لہٰذا ان کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی، صاف ستھرا ماحول، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، مناسب ویسٹ مینجمنٹ، صاف پانی کی فراہمی جانوروں کی صحت کا تحفظ انسانی صحت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، جانوروں کی دیکھ بھال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بیماری کی صورت میں بروقت متعلقہ ماہرین سے رجوع کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات میں کمی اور ماحولیاتی بگاڑ بعض متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کے خطرات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس لیے ماحول کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ ماحولیات عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے، صحت مند ماحول کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتا رہے گا۔