شہری ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے پانی کا زیادہ استعمال کریں،ڈاکٹر مبارک علی شہکی

معروف معالج ڈاکٹر مبارک علی شہکی نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیٹ سٹروک اور گرمی سے پیدا ہونے والی دیگر پیچیدگیوں سے مؤثر انداز میں بچا جا سکتا ہے

سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):معروف معالج ڈاکٹر مبارک علی شہکی نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیٹ سٹروک اور گرمی سے پیدا ہونے والی دیگر پیچیدگیوں سے مؤثر انداز میں بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات میں بچوں، بزرگوں، خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ یہ افراد شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔اپنے بیان میں ڈاکٹر مبارک علی شہکی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ دن بھر زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے لسی، لیموں پانی، او آر ایس اور تازہ پھلوں کا استعمال معمول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے جبکہ اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپیں، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور حتیٰ الامکان براہِ راست دھوپ سے بچیں۔

انہوں نے کہا کہ چکر آنا، شدید پیاس لگنا، بے ہوشی، جسم کا غیر معمولی گرم ہو جانا اور پسینہ بند ہو جانا ہیٹ سٹروک کی اہم علامات ہیں، ایسی صورت میں متاثرہ شخص کو فوری طور پر ٹھنڈی اور ہوادار جگہ منتقل کیا جائے، جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کی جائے اور بلا تاخیر طبی امداد حاصل کی جائے تاکہ کسی بھی سنگین صورتحال سے بچا جا سکے۔ڈاکٹر مبارک علی شہکی نے کہا کہ معمولی احتیاط اور بروقت حفاظتی اقدامات اپنا کر گرمی کے مضر اثرات سے بڑی حد تک محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ موسم کی شدت کے پیش نظر اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔