ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال ریگولر لائسنس حاصل کرنےوالا سرکاری شعبے میں سندھ کا پہلا جنرل ہسپتال بن گیا

"ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے ریگولر لائسنس حاصل کرکے سندھ کے سرکاری شعبے کے پہلے لائسنس یافتہ جنرل ہسپتال ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔”

کراچی۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے ریگولر لائسنس حاصل کرکے صوبہ سندھ کے سرکا ری شعبے کا پہلا جنرل ہسپتال ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔

لائسنس دینے کی باقاعدہ رسمی تقریب ڈاؤ انٹر نیشنل میڈیکل کالج اوجھا کیمپس کےعبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن قوی ،وائس چانسلر ڈا ؤ یونیورسٹی پروفیسر نازلی حسین پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن،پروفیسر ساجدہ قریشی ،پروفیسر زاہد اعظم ،ڈاؤ یونیورسٹی کی فیکلٹی ،اسٹاف اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران بھی موجودتھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احسن قوی نے کہا کہ ہیلتھ کیئر لائسنس حاصل کرنا منزل نہیں بلکہ ایک نئی ذمہ داری کا آغاز ہے، اصل کامیابی اس معیار کو برقرار رکھنے اور مسلسل بہتر بنانے میں ہے، لائسنسنگ ایک دن یا ایک رات میں مکمل ہونے والا عمل نہیں، بلکہ وژن، عزم، مسلسل محنت اور بہتری کا ایک طویل سفر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائٹ کے علاقے کے ایک ہسپتال سے سرنج کے دوبارہ استعمال سے ایچ آئی وی پھیلنے کی خبریں تواتر سے منظر عام پر آرہی ہیں لیکن یہ بات ناقابل فہم ہے کہ بچوں کو کون استعمال شدہ سرنج لگا رہا ہے؟ بچوں میں تو کینولا استعمال کیا جاتا ہے جس کا دوبارہ استعمال نہیں ہوسکتا لیکن کسی کو سکھایا نہیں جاسکتا یہ خود سے کرنے کے کام ہیں ۔