ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے کا اضافی چارج سنبھال لیا

"ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے آر ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج سنبھال لیا، شہری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور میں مؤثر کارکردگی کے عزم کا اظہار۔”

راولپنڈی۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اضافی چارج سنبھال لیا۔ آر ڈی اے ہیڈکوارٹر آمد پر نو تعینات ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، ڈائریکٹر ایڈمن نوشین اسرار اور ادارے کے دیگر افسران نے استقبال کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت، احساس ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی پالیسیوں، قواعد و ضوابط اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ تمام انتظامی و ترقیاتی امور میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی اور بروقت فیصلوں کو اولین ترجیح دی جائے۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ تمام ڈائریکٹوریٹس کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے، جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، غیر مجاز تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ شہریوں کو بروقت، معیاری اور شفاف خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کا تحفظ، منصوبہ بند شہری ترقی، قوانین کا مؤثر نفاذ اور ادارے کی ساکھ کا فروغ آر ڈی اے کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ سرکاری اداروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے، عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر نظام اپنایا جائے اور انتظامی و ترقیاتی معاملات کے حل میں فعال، نتیجہ خیز اور عوام دوست طرزِ عمل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت، غیر ضروری تاخیر، بدانتظامی یا نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر افسر و اہلکار اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانت، لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جوابدہی کے ساتھ ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شفاف طرز حکمرانی، پائیدار اور منصوبہ بند شہری ترقی، مؤثر ریگولیٹری نظام، غیر قانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور شہریوں کو جدید، مؤثر اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہے گی۔