سیالکوٹ کے سرکاری سکولوں میں اضافی جماعتی کمروں اور چار دیواری منصوبوں پر جائزہ اجلاس، تعمیراتی معیار اور فنڈز کے شفاف استعمال کی ہدایت

گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کینٹ میں سکولوں میں اضافی جماعتی کمروں اور چار دیواری کی تعمیر سے متعلق اجلاس منعقد ہوا

سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کینٹ میں سکولوں میں اضافی جماعتی کمروں اور چار دیواری کی تعمیر سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر، ضلع ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ محمد سعید اصغر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) و فوکل پرسن تعمیرات رانا رمضان عتیق، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے انجینئر شہروز، بلڈنگ کنڈکٹر محمد عمر، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران، پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریسز نے شرکت کی۔رانا رمضان عتیق نے ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ اضافی جماعتی کمروں کی تعمیر کے دوران تعمیراتی معیار اور استعمال ہونے والے میٹریل پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو قواعد و ضوابط کے مطابق استعمال کیا جائے، تعمیراتی پیش رفت کا روزانہ جائزہ لیا جائے اور متعلقہ ایپ پر بروقت رپورٹ اپ لوڈ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر اضافی جماعتی کمرے تعمیر کیے جائیں گے، وہ زمین محکمہ سکول ایجوکیشن، حکومت پنجاب کی ملکیت ہونا ضروری ہے۔ ادارہ جاتی سربراہان تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل زمین کی ملکیت اور متعلقہ ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔

غلط معلومات یا غفلت کی صورت میں متعلقہ سربراہ کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ضلع سیالکوٹ کے 64 سکولوں کے سربراہان منصوبوں کی تکمیل تک ہر وقت متعلقہ حکام سے رابطے میں رہیں، سرکاری کالز اور ہدایات کا فوری جواب دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطہ منقطع نہ کریں۔ تعمیراتی منصوبوں کی رپورٹنگ میں کوتاہی، غلط معلومات یا احکامات پر عمل نہ کرنے کی ذمہ داری متعلقہ ادارے کے سربراہ پر عائد ہوگی۔رانا رمضان عتیق نے کہا کہ مقررہ مدت میں اضافی جماعتی کمروں کی تعمیر مکمل کرنا ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہے، تاہم ادارے کی جانب سے کسی بھی قسم کی غیر ضروری رکاوٹ قابل مؤاخذہ ہوگی۔ انہوں نے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے مراکز میں جاری تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ معائنہ کریں، معیار کا جائزہ لیں اور غیر معیاری کام کی فوری رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) و فوکل پرسن تعمیرات کو ارسال کریں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ معیاری تعمیرات، مؤثر نگرانی، شفافیت اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے اضافی جماعتی کمروں اور چار دیواری کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔