"وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مختلف اعلیٰ حکام اور سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں، امن و امان، گورننس، عوامی خدمت اور توانائی کے شعبے کی بہتری سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال۔”
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مختلف اعلیٰ حکام، سیاسی رہنماؤں اور سرکاری اداروں کے سربراہان کی الگ الگ ملاقاتیں

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں مختلف اعلیٰ حکام، سیاسی رہنماؤں اور سرکاری اداروں کے سربراہان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوامی خدمت، گورننس، توانائی کے شعبے کی بہتری اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، حساس اضلاع میں سکیورٹی انتظامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے اور انہیں ہر ممکن وسائل کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ عاصم قائمخانی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے کے جیل نظام میں جاری اصلاحات، سکیورٹی انتظامات، قیدیوں کی فلاح و بہبود، اصلاحی پروگرامز اور جیلوں کی انتظامی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جیلوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اصلاحی مراکز کے طور پر مزید مؤثر بنایا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں، قانون سازی اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے، شفاف طرز حکمرانی کو فروغ دینے اور بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مشاورت اور تعاون پر یقین رکھتی ہے کیسکو بلوچستان کے قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت جوگیزئی نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں بجلی کی فراہمی، لوڈ مینجمنٹ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور زیر غور آئے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو بلا تعطل اور بہتر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مقامی اسپتال جا کر محمد اکبر کی عیادت اور مزاج پرسی کی۔ وزیر اعلیٰ نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ مریض کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام، مؤثر گورننس، عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت، شفاف انتظامیہ اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








