محکمہ داخلہ پنجاب میں نئے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کو عہدے کے رینک لگانے کی تقریب کا انعقاد

"محکمہ داخلہ پنجاب میں نئے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کو رینک لگانے کی تقریب، محکمہ جیل خانہ جات کی مؤثر قیادت اور اصلاحاتی نظام کے فروغ کے عزم کا اظہار۔”

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب میں نئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال کے اعزاز میں عہدے کے رینک لگانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نئے آئی جی جیل خانہ جات سالک جلال کو عہدے کے رینک لگائے جبکہ سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان اور سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ رینک لگنے کے بعد سالک جلال نے باضابطہ طور پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نئے آئی جی جیل خانہ جات کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں موجود تقریباً 70 ہزار اسیران کی اصلاح اور تربیت آپ کی ذمہ داری ہے، جسے پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور جذبہ خدمت سے نبھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کو بھرپور محنت سے عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنایا جا سکے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پریزن سٹاف ٹریننگ کالج کو عالمی معیار کا تربیتی ادارہ بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران کی عزتِ نفس ہرگز مجروح نہ ہونے دی جائے، جیل ڈسپلن اور متعلقہ قوانین پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر سے کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے جبکہ بہترین کارکردگی پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے کہا کہ وہ اللہ تعالی کے بے حد شکر گزار ہیں جس نے انہیں ایک بہترین فورس کی قیادت کی ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے کہا کہ نئے عزم اور ولولے کے ساتھ پنجاب جیل ریفارمز کا سفر جاری رہے گا اور اپنی 32 سالہ پیشہ ورانہ سروس میں حاصل ہونے والے تجربات اور اسباق کو جیل اصلاحات کے موثر نفاذ کیلئے بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر آنے والا دن پہلے سے بہتر ہوگا تاکہ محکمہ جیل خانہ جات کی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جاسکے ۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی پریزن نوید رئوف، ڈی آئی جی پریزن محسن رفیق اور محکمہ داخلہ و محکمہ جیل خانہ جات کے متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔