ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیزکیا جائے
سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کیا جائے،ڈی پی او بہاولنگر

مزید خبریں
چشتیاں ۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیزکیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں صدر سرکل کے تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی، چوری، سٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کیا جائے۔ سرکل کے تمام تھانہ جات روپوش اور اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم شروع کریں۔
ڈی پی او کی جانب سے تفتیشی افسران کو سخت ہدایت کی گئی کہ وہ تمام مقدمات کی تفتیش مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر کریں اور چالان مقررہ وقت کے اندر عدالتوں میں جمع کروائیں۔ ڈی پی اونے کہا کہ تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، فرائض میں غفلت یا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔








