وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت شنگھائی تعاون تنظیم کی فالو اپ کمیٹی کا اجلاس

"نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم کی فالو اپ کمیٹی کا اجلاس، علاقائی تعاون اور تنظیمی امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔”

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کی فالو اپ کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں پاکستان کی آئندہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کی چیئرمین شپ (ستمبر 2026ء تا 2027ء) اور 2027ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایس سی او سی ایچ ایس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ذیلی کمیٹیوں نے اجلاس کو سربراہی اجلاس کے لیے مقام، رہائش، سکیورٹی، مالی انتظامات، میڈیا مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ اور وفود کے لیے لاجسٹکس سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ تمام تیاریاں تیز رفتاری سے مکمل کی جائیں۔ انہوں نے ذیلی کمیٹیوں کے چیئرمینز پر زور دیا کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر موثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس تقریب کی قومی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اسے ایک قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، خارجہ، کابینہ، دفاع اور داخلہ کے وفاقی سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔