آئی جی عبدالکریم کی پولیس ملازمین اور اہلخانہ سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کے احکامات

آئی جی عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو شکایات کے فوری اور مؤثر حل کے احکامات جاری کیے۔

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے سینٹری ورکر رمیض مسیح کی ٹرانسفر کی درخواست پر ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے10 سکیورٹی کانسٹیبلز کی لوئر کلاس کورس سے متعلق درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی لیگل کو زیر غور لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔آئی جی پنجاب نے لیڈی کانسٹیبل سنبل ارشد کی مالی امداد کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی جبکہ شہید سب انسپکٹر عبدالحمید کی اہلیہ کی اخراجِ مقدمہ سے متعلق درخواست ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کو زیر غور لانے کا حکم دیا۔اسی طرح ریٹائرڈ سب انسپکٹر عارف علی کی سرکاری رہائش سے متعلق درخواست پر اے آئی جی ڈویلپمنٹ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔

مزید خبریں