عظمیٰ یعقوب کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی صدارتی ایوارڈ یافتہ ممتاز سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار عظمیٰ یعقوب کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے تحت خواتین

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):بلوچستان سے تعلق رکھنے والی صدارتی ایوارڈ یافتہ ممتاز سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار عظمیٰ یعقوب کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے تحت خواتین، ٹرانس جینڈر کمیونٹی اور دیگر پسماندہ طبقات کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں اور مواقع سے مستفید کرنے کے لیے خصوصی کردار ادا کریں گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے عظمیٰ یعقوب کو تقرر نامہ پیش کیا اور ان کے سماجی خدمات کے وسیع تجربے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین اور محروم طبقات کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے حکومتی وژن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔ عظمیٰ یعقوب اس وقت ملک کے معروف سماجی ادارے فورم فار ڈیگنیٹی انیشی ایٹوز (FDI Pakistan) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ ادارہ انسانی حقوق، خواتین کی تولیدی صحت، نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق اور دیگر پسماندہ طبقات کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے بلوچستان سمیت ملک بھر میں سرگرم عمل ہے۔

اس کے علاوہ عظمیٰ یعقوب اپنی مدد آپ کے تحت محمد یعقوب فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کی معاونت، غریب اور مستحق بچیوں کی شادیوں کے لیے امدادی پروگراموں اور فلاحی سرگرمیوں کی بھی سرپرستی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، متاثرین کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ بلوچستان کی پہلی ٹرانس جینڈر پالیسی کی تشکیل میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا، جس کے اعتراف میں حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے حسنِ کارکردگی کا سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ سماجی، فلاحی اور انسانی حقوق سے وابستہ حلقوں نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام میں عظمیٰ یعقوب کی بطور فوکل پرسن تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ مختلف شخصیات نے امید ظاہر کی کہ عظمیٰ یعقوب اپنے وسیع تجربے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سماجی خدمات کی بدولت خواتین، نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر انداز میں شامل کرنے، ان کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں حکومتی مواقع سے مستفید کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

مزید خبریں