نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کی نئی بارشوں کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کی نئی بارشوں کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کو مون سون کی نئی بارشوں کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 10 سے 13 جولائی تک ہونے والی بارشیں ملک کے بڑے حصوں کو متاثر کرسکتی ہیں۔

یہاں جاری الرٹ میں اتھارٹی نے شہریوں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ خصوصی آگاہی پیغامات اور میڈیا چینلز کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے این ڈی ایم اے کے افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری مون سون کے دوران الرٹ رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے شمالی علاقوں میں ممکنہ فلیش سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جو متوقع شدید بارشوں کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 13 جولائی تک شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے بلند پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ 14 جولائی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید بارشوں سے گلیشئرز کا تیزی سے پگھلنا ممکن ہے، جس سے ملبے کے بہاؤ، فلیش سیلاب اور پانی کے نالوں کے اوور فلو کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ اتھارٹی نے متعدد خطرناک مقامات کی نشاندہی کی ہے، جن میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قراقرم ہائی وے، جگلوٹ-سکردو روڈ، ہنزہ-گوجال روڈ کے ساتھ ساتھ غیزر، نلتر، بگروٹ اور ہراموش جیسے علاقوں میں بھی ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعض حصوں میں تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے نے بھی خطرناک اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے کہ وہ ممکنہ بارشوں سے متعلق واقعات کے خلاف تیار رہیں اور احتیاطی اقدامات کریں۔ واسا نے لاہور بھر میں ٹیمیں متحرک کر دی ہیں تاکہ زیریں علاقوں سے بارش کا پانی بروقت نکالا جا سکے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے شہری سیلاب، دریاؤں اور ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں