شام کی وزیر برائے سماجی امور و محنت ہند کباوت نے او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کو مسلم دنیا کی خواتین کے اتحاد، بااختیار بنانے، انسانی حقوق کے فروغ اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
او آئی سی وزارتی کانفرنس خواتین کے لیے امید کا مضبوط پیغام ہے، شامی وزیر ہند کباوت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):شام کی وزیر برائے سماجی امور ومحنت ہند کباوت نے خواتین سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی نویں وزارتی کانفرنس میں اپنی شرکت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کانفرنس نےمسلم دنیا کی خواتین کے اتحاد کی عکاسی کی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے، انسانی حقوق کے فروغ اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا قیمتی موقع فراہم کیا ہے۔
اتوار کو کانفرنس کے موقع پرپاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان،خصوصاً اسلام آباد کادورہ ان کے لیے ایک یادگار موقع ہےجہاں او آئی سی کے رکن ممالک کی بااثر خواتین کے افکار ، تجربات اور بہترین عملی اقدامات کے تبادلے کے لیے جمع ہوئی ہیں۔انہوں نے پاکستان کی پرتپاک مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفود کا استقبال خاندان کے افراد کی طرح کیا گیاجس پر وہ پاکستانی عوام اور حکومت کی شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن، ہماری اقدار اور ہمارے اصول ایک جیسے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر مؤثر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔شامی وزیر نے کہا کہ اس کانفرنس نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ او آئی سی کے رکن ممالک انسانی حقوق، خواتین کے بااختیار بنانے اورمعاشروں کو درپیش دیگر اہم مسائل پر مکالمے کے ذریعے ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کی خواتین کے درمیان یکجہتی کا اہم دن ہے۔ پاکستان میں خواتین کا یہ اجتماع اس عزم کا اظہار ہے کہ ہمیں بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہند کباوت نے کہا کہ یہ کانفرنس شام کے لیے بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہےکیونکہ ان کا ملک 2012 کے بعد پہلی مرتبہ اس نوعیت کے اجلاس میں شریک ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کی آزادی اور آمریت کے خاتمے کے بعد آج ہم آزادانہ طور پر یہاں موجود ہیں اور ان شامی خواتین کی آواز دنیا تک پہنچا رہے ہیں جنہوں نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے پناہ گزین کیمپوں اور بے گھر ہونے والی شامی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خواتین نے مشکل ترین حالات میں بھی غیر معمولی حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے میں پناہ گزین کیمپوں اور بے دخلی کا شکار تمام خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں۔ آج ہم ان تمام خواتین کی آزادی اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔








