ترک جمہوریہ شمالی قبرص خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیے جانے اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کا خواہاں ہے، اوغوزہان حاصب اوغلو

ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر محنت و سماجی تحفظ اوغوزہان حاصب اوغلو نے او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے موقع پر پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین کے کردار، سماجی ترقی اور اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر محنت و سماجی تحفظ، اوغوزہان حاصب اوغلو نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں خواتین کے کردار سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اوغوزہان حاصب اوغلو نے مسئلۂ قبرص پر شمالی قبرص ترک جمہوریہ کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے خودمختار برابری اور ترک قبرصی عوام کی مساوی بین الاقوامی حیثیت کے اصولوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے عوام ایک خودمختار ریاست کے طور پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے کے خواہاں ہیں اور انہیں عالمی برادری میں اپنی نمائندگی کا حق حاصل ہونا چاہیے۔انہوں نے اسلامی ممالک کے ساتھ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مسلم دنیا کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرمحنت نے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے معاملے پر پاکستان کے تعمیری اور مثبت مؤقف کو سراہا اور شمالی قبرص میں مقیم پاکستانی برادری کے مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیر اوغوزہان حاصب اوغلو نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان مکالمے اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔اس ملاقات نے پاکستانی صحافیوں اور وزیر اوغوزہان حاصب اوغلو کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے مختلف امور پر تعمیری اور مفید تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا۔

مزید خبریں