میٹرک نتائج سے متعلق گمراہ کن خبروں میں کوئی صداقت نہیں، طلبہ اور والدین افواہوں پر کان نہ دھریں، صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو

صوبائی وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے میٹرک سائنس گروپ کے نتائج سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا آفیشل سرور اور ویب سائٹ مکمل طور پر فعال ہیں اور ان کے بند ہونے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

کراچی۔ 12 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے میٹرک سائنس گروپ کے نتائج سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض مقامی ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کا آفیشل سرور اور ویب سائٹ مکمل طور پر فعال ہیں اور ان کے بند ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

اتوار کوجاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ نتائج کے اعلان کے بعد ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں امیدواروں کی جانب سے رول نمبر سرچ کیے جانے کے باعث چند لمحوں کے لیے سرور کی رفتار سست ضرور ہوئی، تاہم سرور کسی بھی مرحلے پر بند نہیں ہوا۔ بورڈ کی آئی ٹی ٹیم مسلسل نظام کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو بلا تعطل سہولت فراہم کی جا سکے۔محمد اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ جن امیدواروں کے نتائج عارضی طور پر ظاہر نہیں ہو رہے یا انہیں غیر حاضر دکھایا جا رہا ہے، ان کی وجوہات مختلف ہو سکتی ہیں، جن میں غلط رول نمبر درج کرنا، امتحان کسی دوسرے امتحانی مرکز سے دینا یا مطلوبہ دستاویزات کی عدم تکمیل شامل ہیں۔ ایسے امیدواروں کی رہنمائی کے لیے پیر سے بورڈ میں خصوصی ہیلپ ڈیسک اور دو الگ کانٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں امیدوار اپنا ایڈمٹ کارڈ پیش کرکے اپنے نتائج سے متعلق مکمل معلومات حاصل کر سکیں گے۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز نے کہا کہ اگر کسی امیدوار کے نام یا ولدیت میں غلطی موجود ہے تو اس کا تعلق امتحانی فارم میں اسکول کی جانب سے آن لائن جمع کرائے گئے ڈیٹا سے ہے۔ ایسے طلبہ فوری طور پر اپنے متعلقہ اسکول سے رابطہ کریں تاکہ ضروری کارروائی مکمل کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی طلبہ و طالبات کے مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید خودکار نظام اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں طلبہ کو مزید بہتر، شفاف اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔صوبائی وزیر نے طلبہ، والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے صرف بورڈ اور حکومت سندھ کے سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔

مزید خبریں