پاکستان پیپلز پارٹی کی ہدایت پر لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے پانی اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کی مبینہ آبی زیادتی کے خلاف ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ دیسوں‘‘ کے عنوان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
دریائے سندھ پانی معاملے پر بھارت کی مبینہ زیادتی کے خلاف "مرسوں مرسوں سندھ نہ دیسوں”عنوان سے ریلی کا انعقاد

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 12 جولائی (اے پی پی):سندھ بھر کی طرح ضلع لاڑکانہ میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر دریائے سندھ کے پانی کے معاملے پر بھارت کی جانب سے مبینہ زیادتی کے خلاف ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ دیسوں‘‘ کے عنوان سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
اس ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے عہدیداروں اور ہزاروں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی بیگم نصرت بھٹو ٹاؤن ہال لاڑکانہ سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے پاکستان چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت ایم این اے خورشید احمد جونیجو، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی خیر محمد شیخ، ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری، وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو، پیپلز پارٹی تحصیل باقراں کے صدر طارق انور سیال، تحصیل ڈوکری کے صدر محمد علی بگھیو، دیگر تمام تحصیلوں کے عہدیداروں اور لیڈیز ونگ کی نمائندگان نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے خورشید احمد جونیجو نے کہا کہ آج ہم پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر دریائے سندھ کے پانی پر بھارت کی جانب سے مبینہ زیادتی کے خلاف ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ دیسوں‘‘ کے عنوان سے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1991ء کے معاہدے کے مطابق سندھ کو اس کا پانی نہیں دیا جا رہا، جس کے باعث پانی کی شدید کمی ہے۔ اس کمی کی وجہ سے فصلیں بروقت تیار نہیں ہوتیں اور نتیجتاً زراعت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی کے مہینے میں پانی ملتا ہے، لیکن تاخیر سے ملنے کی وجہ سے فصلیں وقت پر کاشت اور تیار نہیں ہوتیں، جبکہ صوبے کی تقریباً 50 فیصد زرعی زمین بنجر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی مبینہ زیادتی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور آج کی ریلی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان کے مطابق بروقت پانی نہ ملنے کے باعث سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین سمندر برد ہو رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی خیر محمد شیخ نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پانی کے حقوق کے لیے جو آواز بلند کی ہے، ہم اس کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے حقوق اور پانی کے معاملے پر مبینہ زیادتی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے کہا کہ آج ہم یہاں بھارت کی جانب سے دریائے سندھ کا پانی روکنے کے خلاف جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ دیسوں‘‘ کا نعرہ بلند کرکے انہوں نے سندھ کے عوام کو اپنے پانی کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے بیدار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کا کامیابی سے مقابلہ کیا، اسی طرح اگر بھارت دریائے سندھ کا پانی روکنے کی کوشش کرے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور وہ پارٹی چیئرمین کی قیادت میں اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔پیپلز پارٹی تحصیل باقراں کے صدر طارق انور سیال نے کہا کہ آج کی ریلی میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کرکے سندھ سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا ہے، اور وہ آئندہ بھی اس جدوجہد میں شامل رہیں گے۔








