راولپنڈی پولیس کا گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات

راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات مکمل کرتے ہوئے اضافی نفری کی تعیناتی، گشت اور سکیورٹی نگرانی کے مؤثر اقدامات کیے ہیں تاکہ عبادت گزاروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

راولپنڈی۔12جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر (سی پی او ) حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں جبکہ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

اتوار کو پولیس ترجمان کے مطابق گرجا گھروں میں عبادت کے لیے آنے والے افراد کے داخلے سے قبل مکمل باڈی سرچنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو ہر آنے والے فرد کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور مستعد رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ عبادت گاہوں کی حفاظت اور وہاں آنے والے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس ضلع بھر میں عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں