وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب” کے تحت ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ مری کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کرکے صفائی، نکاسی آب اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔
مریم نواز شریف کے وژن ”ستھرا پنجاب” پر عملدرآمد، ڈپٹی کمشنر مری کا مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 12 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”ستھرا پنجاب” اور ان کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے اسسٹنٹ کمشنر مری، منیجنگ ڈائریکٹر واسا مری، ایس ڈی او پیرا (PERA) مری، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ مری کے مختلف علاقوں، جن میں باغِ شہیداں، کشمیر پوائنٹ اور ویو فورٹ جھیگا گلی شامل ہیں، کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق مری میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر اور مثالی بنانا، شہریوں اور سیاحوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے انتظامات کو بہتر بنانا اور سیاحتی سہولیات کا موقع پر جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے مختلف منصوبوں اور جاری اقدامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ بھی دی۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مری کے تمام سیاحتی مقامات، شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر صفائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، نکاسی آب کے نظام میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران انہوں نے پیرا (PERA) فورس اور ضلعی انتظامیہ کو شاہراہوں اور بازاروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے، گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کرنے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ملکہ کوہسار مری کی قدرتی خوبصورتی، صفائی اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ سیاحوں کو ایک صاف، محفوظ، خوشگوار اور پرسکون ماحول میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق مری کو ملک کا مثالی سیاحتی مقام بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔








