فٹبال ورلڈ کپ شائقین کیلئے سندھ حکومت کا بڑا اعلان، صوبے کے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینز نصب کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے فٹبال ورلڈ کپ کے شائقین کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے مختلف شہروں میں بڑی اسکرینز نصب کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام اجتماعی طور پر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔

کراچی۔ 12 جولائی (اے پی پی):سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان نے فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل میچز شائقین کو بڑی اسکرینز پر دکھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کے مختلف ڈویژنوں اور اضلاع میں بڑی اسکرینز نصب کی جائیں گی تاکہ عوام اجتماعی ماحول میں عالمی مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ کراچی کے ضلع ملیر میں شرافی گوٹھ کے یوتھ ڈولپمینٹ سینٹر میں 15 اور 16جولائی کو سیمی فائنل جبکہ 20جولائی کو فائنل میچ بڑی اسکرین پر نشر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر آباد میں صمدیہ ہوٹل (ہاشم ٹائون)لاڑکانہ کیکھڑا کمپلیکس، حیدرآباد میں سندھ اسپورٹس بورڈ ہاسٹل اور میرپورخاص کے گاما اسٹیڈیم میں بھی سیمی فائنل اور فائنل میچز بڑی اسکرینز پر دکھائے جائیں گے۔سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق سکھر کے میونسپل اسٹیڈیم میں سیمی فائنل اور فائنل دونوں میچز بڑی اسکرین پر نشر کیے جائیں گے جبکہ روہڑی فٹبال گرائونڈ میں فائنل میچ شائقین کے لیے بڑی اسکرین پر دکھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ گھوٹکی کے سردار علی محمد خان مہر اسپورٹس کمپلیکس میں تینوں میچز بڑی اسکرین پر دکھائے جائیں گے جبکہ ٹھٹہ اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال ورلڈ کپ کا صرف فائنل میچ بڑی اسکرین پر نشر کیا جائے گا۔وزیر کھیل سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس کو اجتماعی طور پر دیکھنے سے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کے جذبے اور صوبے میں فٹبال کلچر کو مزید تقویت ملے گی۔

مزید خبریں