چیئرمین ایچ ای سی کا شنگھائی میں ہواوے کے تحقیق و ترقی کیمپس کا دورہ

اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے چین کے شہر شنگھائی میں ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ہمراہ ہواوے کے تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ) کیمپس کا دورہ کیا جہاں دونوں فریقوں کے درمیان اختراع، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے چین کے شہر شنگھائی میں ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ہمراہ ہواوے کے تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ) کیمپس کا دورہ کیا جہاں دونوں فریقوں کے درمیان اختراع، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر کو ہواوے کے عالمی معیار کے تحقیق و ترقی کے نظام کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی، جدید اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی، جامعات اور صنعت کے درمیان اشتراک، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے امور پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان میں اختراع کے فروغ، تحقیق کے معیار میں بہتری اور جامعات، محققین اور طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہواوے کے ساتھ تعاون کے فروغ سے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور مہارتوں کی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔