پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی بچوں کو ہنر، تعلیم اور خوداعتمادی سے روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنا ہماری ترجیح ہے، چیئرپرسن سارہ احمد

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد (تمغۂ امتیاز) نے کہا ہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی بچوں کو معیاری تعلیم، فنی مہارت اور محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ہر بچے کو باوقار، محفوظ اور بااختیار مستقبل فراہم کرنا ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد (تمغۂ امتیاز) نے کہا ہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی بچوں کو معیاری تعلیم، فنی مہارت اور محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ہر بچے کو باوقار، محفوظ اور بااختیار مستقبل فراہم کرنا ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سارہ احمد نے بیورو کی تحویل میں موجود بچوں سے ایک آگاہی و تربیتی نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہیں تعلیم کے حصول، مختلف ہنر سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ عملی مہارتیں نوجوان نسل کو خودمختار، خودکفیل اور معاشرے کا فعال شہری بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور مثبت سوچ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور ہر مشکل کا مقابلہ ہمت اور حوصلے سے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہنر سیکھیں، باعزت روزگار کمائیں” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ بچوں کو اعتماد، مواقع اور روشن مستقبل فراہم کرنے کا عملی راستہ ہے۔

سارہ احمد نے بچوں کے تحفظ، ذاتی سلامتی اور مثبت طرزِ زندگی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے کہ اسے ایسا محفوظ اور پرامن ماحول میسر ہو جہاں وہ بلا خوف اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی تعلیم، بحالی اور فنی تربیت کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ادارہ اپنی خدمات مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرے گا تاکہ ہر بچہ محفوظ، بااعتماد اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بن سکے۔