استور ،گندم کی فراہمی معمول کے مطابق جاری، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کی تردید

محکمہ خوراک ضلع استور نے عوام میں گندم کی تقسیم سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گندم کی فراہمی کا تمام عمل مکمل شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق جاری ہے

استور ،23 جولائی (اے پی پی):محکمہ خوراک ضلع استور نے عوام میں گندم کی تقسیم سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گندم کی فراہمی کا تمام عمل مکمل شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق جاری ہے، جبکہ عوام کو کسی بھی قسم کی قلت یا رکاوٹ کا سامنا نہیں۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے مختص گندم کی مکمل الاٹمنٹ ضلع استور کو موصول ہو چکی ہے اور تمام مستحق صارفین کو گندم فراہم کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ جولائی 2026 کی گندم کی الاٹمنٹ بی جی اسلام آباد سے ضلع استور کے لیے روانہ کیے جانے کے مراحل میں ہے، جو جلد ہی ضلعی ہیڈکوارٹر پہنچ جائے گی۔ اس کے علاوہ ایس بی ڈی استور سے زیریں ڈپوؤں تک گندم کی ترسیل کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔

ضلع استور میں سڑکوں کی بحالی اور رابطہ بحال ہوتے ہی ہیڈکوارٹر سے زیریں ڈپوؤں تک گندم کی لفٹنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ روایتی طریقہ کار کے مطابق ضلع ہیڈکوارٹر استور کے عوام کو ہر ماہ کی 25 تاریخ سے آر ایس ڈی استور کے ذریعے گندم فراہم کی جاتی ہے، اور یہ سلسلہ حسبِ معمول جاری رہے گا۔محکمہ خوراک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی خبروں اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور درست معلومات یا کسی بھی شکایت کے لیے صرف محکمہ خوراک کے سرکاری ذرائع سے رابطہ کریں۔ محکمہ بلاامتیاز تمام مستحق شہریوں کو گندم کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔