چنیوٹ ،دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ ،چنیوٹ اور گردونواح کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال

دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث چنیوٹ اور گردونواح کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

چنیوٹ۔ 23 جولائی (اے پی پی):دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث چنیوٹ اور گردونواح کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ محکمہ آبپاشی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو صبح 10 بجے چنیوٹ پل پر پانی کا بہاؤ 125,157 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو دوپہر ایک بجے بڑھ کر 177,782 کیوسک تک پہنچ گیا۔ اسی طرح قادرآباد بیراج، خانکی بیراج اور مرالہ بیراج پر بھی پانی کے بہاؤ میں نمایاں مقدار موجود ہے، جبکہ اپ اسٹریم سے آنے والے پانی کے باعث آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔سیلابی پانی چھنی مہر شاہ، برج علی، چک سرکار، ٹھٹھہ محمود، ساہمل، میانوال اور دیگر نشیبی علاقوں تک پہنچ چکا ہے، جہاں کئی مقامات پر زرعی اراضی زیرِ آب آ گئی ہے جبکہ دریا کے کناروں پر کٹاؤ کے باعث مقامی آبادیوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ ادارے مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی اور دیگر امدادی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید انخلا اور ریلیف کی کارروائیوں کے لیے مشینری اور عملہ تیار رکھا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے، سیلابی ریلوں کو عبور کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق دریائے چناب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پانی کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔