دیانت داری، مضبوط کردار اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہی موثر خدمت عامہ کی بنیاد ہے، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ دیانت داری، مضبوط کردار اور پیشہ ورانہ مہارت موثر خدمت عامہ کے لیے ناگزیر ہیں جبکہ سرکاری افسران کو بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے قومی مفاد کے تحفظ اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔وہ جمعرات کو نیب ہیڈکوارٹرز میں سندھ کی صوبائی سول سروس کے تیسرے سینئر مینجمنٹ …

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ دیانت داری، مضبوط کردار اور پیشہ ورانہ مہارت موثر خدمت عامہ کے لیے ناگزیر ہیں جبکہ سرکاری افسران کو بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے قومی مفاد کے تحفظ اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔وہ جمعرات کو نیب ہیڈکوارٹرز میں سندھ کی صوبائی سول سروس کے تیسرے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ افسران دیانت اور اخلاقی اقدار کے حوالے سے اپنے پیش روئوں سے بہتر ثابت ہونے کی کوشش کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بددیانتی اور بدعنوانی کو ہر سطح پر مسترد کیا جائے اور سرکاری اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو اپنے فرائض پوری لگن اور خلوص سے انجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب ملک میں انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں تعاون کرنے والے افسران کے ساتھ کھڑا ہے۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز امجد مجید اولکھ نے وفد کو نیشنل اکائونٹیبلٹی آرڈیننس 1999، نیب کے تنظیمی ڈھانچے، جاری اصلاحات، منی لانڈرنگ کے مقدمات، بین الاقوامی معاہدوں اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ نیب نے گزشتہ تین برسوں کے دوران 14.485 ٹریلین روپے جو تقریباً 51.73 ارب امریکی ڈالر کے مساوی ہیں، کی غیر معمولی ریکوریاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نیب کی توجہ سرکاری اثاثوں اور اراضی کی بازیابی، عوام کے ساتھ فراڈ کے مقدمات اور منی لانڈرنگ کے کیسز پر مرکوز ہے۔نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا جس میں سندھ کی صوبائی سول سروس کے افسران نے انتظامی ڈھانچے، احتسابی نظام اور بدعنوانی کے خاتمے کی حکمت عملی سے متعلق سوالات کیے جن کے جوابات چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے دیئے۔دورے کے اختتام پر گروپ فوٹو بنایا گیا جبکہ نیب کی قیادت اور مہمان افسران کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔