استور ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے خطے کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلنے اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

استور۔ 23 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے خطے کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلنے اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے محکمہ خوراک اور محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں راشن، پینے کے صاف پانی، خیموں، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر، پلوں، مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور آمد و رفت کی جلد بحالی کے لیے بھاری مشینری فوری طور پر متحرک کرنے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی امداد، بحالی اور ہر ممکن معاونت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا میدانی دورہ کریں، امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی پیش رفت رپورٹ چیف منسٹر سیکریٹریٹ کو ارسال کریں۔