آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کا وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے اشتراک سے سیفٹی سیمینار کا انعقاد

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے اشتراک سے سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا جس کا مقصد آپریشنل حفاظت کو مزید مستحکم بنانا، ریگولیٹری تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کی آئل سپلائی چین میں بین الاقوامی معیار کے بہترین حفاظتی طریقہ کار کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے اشتراک سے سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا جس کا مقصد آپریشنل حفاظت کو مزید مستحکم بنانا، ریگولیٹری تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کی آئل سپلائی چین میں بین الاقوامی معیار کے بہترین حفاظتی طریقہ کار کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔سیمینار میں اعلیٰ سرکاری حکام، ریگولیٹرز ، صنعت کے نمائندگان اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی جہاں ابھرتے ہوئے حفاظتی چیلنجز اور باہمی تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریب میں وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن)، محکمہ ایکسپلوسوز، اوگرا، وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ، او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل اور ڈائون سٹریم پٹرولیم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے دیگر سٹیک ہولڈرز کے نمائندگان نے شرکت کی اور مضبوط گورننس، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کے تبادلے کے ذریعے آپریشنل حفاظت کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ سیمینار میں وافی انرجی پاکستان نے اپنی عالمی آپریشنز سے حاصل ہونے والے تجربات شرکا کے ساتھ شیئر کیے جن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حفاظتی معیارات، آپریشنل ایکسیلینس فریم ورک اور ایندھن کی سپلائی چین میں حفاظتی کارکردگی، شفافیت اور رسک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا استعمال شامل تھا۔

اس موقع پر اوگرا کے ممبر گیس شہزاد اقبال نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظت اور شفافیت آئل سیکٹر کی مشترکہ ترجیحات ہیں اور اس نوعیت کے فورمز صنعت کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مجموعی معیار کو مزید بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ہم وافی انرجی جیسی کمپنیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو اپنے بین الاقوامی تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان لاتی ہیں اور اوگرا مستقبل میں بھی ایسے تعاون کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو پاکستان کے توانائی کے شعبے کو مزید مضبوط محفوظ اور پائیدار بنائے۔ وافی انرجی پاکستان کے ڈائریکٹر کارپوریٹ اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز عمران قریشی نے کہا کہ کمپنی پاکستان کے توانائی کے شعبے کی ترقی کے لیے عالمی مہارت اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مضبوط حفاظتی کلچر کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کے پیش نظر ایک محفوظ، موثر اور مضبوط طرز حکمرانی پر مبنی آئل سیکٹر ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہم اوگرا کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں اپنے تجربات شیئر کرنے اور صنعت کے دیگر شراکت داروں سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ اس نوعیت کے سیمینار پاکستان اور اس کے عوام کے لیے مزید محفوظ اور مضبوط توانائی کے شعبے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وافی انرجی پاکستان کے ڈائریکٹر مینوفیکچرنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن اویس سلطان نے کہا کہ حفاظت آپریشنل ایکسیلینس کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفاظت دراصل انسانوں کے تحفظ کا نام ہے۔ ہم عالمی معیار کے جن نظاموں اور طریقہ کار میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، ان کا مقصد اپنے ملازمین، صارفین اور اردگرد کی کمیونٹیز کو محفوظ بنانا ہے۔ جب حکومت اور نجی شعبہ مشترکہ ذمہ داری کے احساس کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تو صنعت کی ترقی مزید تیز اور موثر ہوتی ہے۔ سیمینار میں شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریگولیٹرز اور صنعت کے درمیان مسلسل تعاون کے ذریعے حفاظتی معیارات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، انسانی جانوں اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور پاکستان کے توانائی کے شعبے کی طویل المدتی مضبوطی اور پائیداری کو فروغ دیا جائے گا۔

ترجمان اوگرا کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پاکستان کے مڈ اسٹریم اور ڈائون سٹریم پٹرولیم سیکٹر کی ریگولیٹری اتھارٹی ہے۔اوگرا تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور مسابقتی آئل اینڈ گیس انڈسٹری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اتھارٹی جدت اور مسلسل بہتری کے ذریعے پائیدار حل فراہم کرنے، شعبے کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے، اور قدرتی گیس، پٹرولیم مصنوعات، لبریکنٹس، ایل این جی، سی این جی، ایل پی جی اور آئل پائپ لائن کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے شعبوں میں قومی مفادات اور صارفین کے اعتماد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کی اکثریتی ملکیت وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے پاس ہے، پاکستان میں شیل (Shell) برانڈ کے ایندھن اور لبریکنٹس کی لائسنس یافتہ کمپنی اور ملک کے نمایاں توانائی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ سال 2024ء میں وافی ہولڈنگ نے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 87.78 فیصد حصص حاصل کیے جس کے ذریعے کمپنی نے پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا اور خلیجی خطے (جی سی سی) کی سٹریٹجک سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کے توانائی اور فیول ریٹیل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد رکھی۔